Wednesday, October 7, 2015

سردیوں میں آپ کے بال توجہ چاہتے ہیں

سردیوں میں آپ کے بال توجہ چاہتے ہیں :۔

موسم سرما کے دوران اکثر خواتین بال گرنے کی شکایت کرتی دکھائی دیتی ہیں ۔ اس کا سبب عام طور پر موسم کی تبدیلی اور اس کے تقاضے ہیں ۔ ہم چونکہ موسم کے تقاضوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور اپنے بالوں کی حفاظت کا خیال نہیں رکھتے ، اس لئے بال کمزور ہو کر ٹوٹنے لگتے ہیں ، ان سطور میں آپ کے لئے کچھ احتیاطی تدابیر حاضر ہیں ، جن پر عمل کر کے آپ اپنے بالوں کی کھوئی صحت بحال کر سکتے ہیں۔
بالوں میں تیل لگائیں :۔ بالوں کی حفاظت کیلئے ان میں تیل لگانا صدیوں پرانا اور انتہائی کا رگر نسخہ ہے ۔ لیکن اب بالوں میں تیل لگانے کا رواج تقریباً ختم ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں ہم بہت سے فوائد سے محروم رہ جاتے ہیں ۔ تیل سے نہ صرف بالوں کی کنڈ یشننگ ہوتی ہے اور ان میں قدرتی چمک آ جاتی ہے بلکہ یہ بالوں سے خشکی کا خاتمہ بھی کرتا ہے ۔ لہذا ہمارے ہاں کی بڑی بوڑھیوں کا یہ کہنا غلط نہیں کہ تیل لگا نے سے دماغ کو تقویت حاصل ہوتی ہے ۔ اور بال تیزی سے بڑھتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ آج کے دور سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو بھی بالوں میں تیل لگا نے کو ضروری قرار دیتے ہیں ۔ یوں تو اب بیوٹی سیلونز میں بھی آئل ٹریٹمنٹ کا باقاعدہ انتظام موجود ہے لیکن آپ چاہیں تو گھر پر خود ہی یہ نسخہ آزما کر تیل کی گونا گوں خوبیوں سے مستفید ہو سکتی ہیں ۔ سردیوں کے موسم میں سر کی مالش کے لئے زیتون یا ناریل کا تیل بہت مفید پایا جاتا ہے اور سرسوں کا تیل بھی اگر خالص ہو تو بالوں میں لگا نے کیلئے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
بال دھونے کی احتیاطیں:۔ گو کہ بالوں کی حفاظت کا اصول ہے کہ انہیں روزانہ دھو یا جائے لیکن اگر آپ اپنے لائف اسٹائل یا بالوں کی ساخت ، جیسے کہ ان کے چکنے ہونے کے باعث روزانہ دھونا ضروری سمجھتی ہیں تو تھوڑی سی احتیاط کے ساتھ یہ کام انجام دے سکتی ہیں ۔ اس کے لئے سب سے پہلے اپنے بالوں کو اچھی طرح گیلا کریں پھر کسی اچھے برانڈ کا صابن یا ہر بل شیمپو لے کر اس کی مطلوبہ مقدار سر کی جلد پر ملیں کیونکہ یہیں سبیم اور گندگی جمع ہوتی ہے ۔ اس کے بعد خاص طور پر یہ احتیاط کہ بالوں کو تیز گرم پانی کے بجائے قدرے ٹھنڈے پانی سے دھوئیں ۔ گرم پانی بالوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے ۔ ا س لئے موسم ٹھنڈا ہی کیوں نہ ہو بال دھونے کیلئے ہمیشہ ہلکا سا گرم یا ٹھنڈا پانی استعمال کریں ۔
نرمی سے خشک کریں :۔ سردیوں کے موسم میں ہم چاہتے ہیں کہ بالوں کو جلد سے جلد خشک کر لیں تاکہ ٹھنڈک اور نمی کے اثرات سے نجات مل سکے ۔ اس کا سب سے آسان حل ظاہر ہے کہ بلوڈرائی ہے لیکن بالوں کو بلوڈرائی کرتے ہوئے یہ خیال رکھیں کہ یہ تقریباً خشک ہو چکے ہیں کیونکہ پانی ٹپکتے ہوئے بالوں کو ڈرائر سے خشک کرنا سخت نقصان دہ ثابت ہوتا ہے ۔ تاہم بالوں کو خشک کرنے کیلئے انہیں تولیہ سے رگڑنا بھی مناسب نہیں۔ اس سے بال روکھے ، کمزور اور دو شاخہ ہو کر ٹوٹنے لگتے ہیں ۔ لہذا مناسب یہی ہے کہ بالوں پر تھوڑی دیر تولیہ لپیٹیں اور پھر انہیں ہلکے سے تھپتھپا کر قدرتی ہوا میں قدرے خشک ہونے دیں ۔ ڈرائر استعمال کرتے ہوئے اس کا نوزل بالوں سے تقریباً دو انچ دور رکھیں اور اس دوران گول برش کے بجائے چپٹا برش ہی استعمال کریں ۔ نیز بلو ڈرائی کرنے سے پہلے بالوں میں ہیٹ پروٹیکٹو سیرم یا اسپر ضرور لگائیں ۔
توجہ اور محبت بھی دیں :۔ یوں تو بال ہر موسم میں آپ کی توجہ چاہتے ہیں لیکن سردیوں کے موسم میں انہیں خاص طور  سے اپنی محبت کا محور بنائیں کیونکہ اس لاپروائی نے انہیں ناقابل تلافی نقصان سے دو چار کر سکتی ہے ۔ جلد کی طرح ہمارے بال بھی ناموزوں لائف اسٹائل اور موحولیاتی اثرات سے متاثر ہوتے ہیں لہذا روکھے اور کمزور ہو جاتے ہیں ۔ بالوں کی اچھی صحت کیلئے انہیں بھی غذائیت اور کلینزنگ کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے اچھا ہر بل شیمپو اور ڈیپ کنڈیشنر یا ڈیپ کنڈیشنگ ماسک لگا ئیں لیکن اس کے باوجود آپ کے بال روکھے یا بے جان نظر آئیں اور بدستور گرتے رہیں تو کسی ماہر امراض جلد یا ہیئر ایکسپرٹ سے مشورہ کریں ۔ تاکہ وہ آپ کے بالوں اور سر کی جلد کا معائنہ کر کے کوئی مناسب حل آپ کو تجویز کر سکیں ۔

No comments:

Post a Comment