Monday, January 4, 2016

امراض معدہ موٹاپا اور بیروزگاری سے نجات

امراض معدہ موٹاپا اور بیروزگاری سے نجات  :۔


قارئین عبقری السلام علیکم ! میں کافی عرصہ سے عبقری کا قاری ہوں اور حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کو مبارکباد پیش کرنا ہوں جن کی کاوشوں سے ہزاروں ۔ لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں اور اپنی آخرت سنوار رہے ہیں اللہ پاک ان کے علم ، عمل اور عمر میں برکت عطا فرمائے اور اسی طرح دکھی انسانیت کی خدمت اور فیٖض دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے ۔
آج کی دنیا کا سب سے بڑا چیلنج ذریعہ معاش :۔
نفسانفسی  کا دور ہے ، تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی ، قلت معاش اور ضروریات زندگی نے انسان کو اس قدر پریشان و مصروف کر دیا ہے کہ وہ عدم تحفظ کا شکار ہے ۔ گھریلو مسائل میں الجھا ہوا ہے صبر و شکر کا دامن ہاتھ سے چھٹتا جا رہا ہے ۔ اور سکون قلب میسر نہیں ۔ ان تمام الجھنوں سے نکلنے کا واحد راستہ صرف اور صرف اللہ پاک کی ذات ہے اور ان تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے قرآن حکیم فرقان حمید جیسی عظیم نعمت عطا کی گئی ہے ۔ یہ وہ عظیم کتاب ہے جو انسانوں کیلئے سر چشمہ ہدایت ہے ، رحمت سرمایہ حیات ، رہبر زندگی اور فلاح و بہبود کیلئے خدا کا عظیم ترین تحفہ ہے ۔ یہ وہ مقدس کتاب ہے جو انسان سے ہم کلام ہوتی ہے اسی لئے اس کو قرآن کہا گیا ہے ارشاد خداوندی ہے میں مضطرب کی دعا قبول کرتا ہوں جب وہ مایوس ہو جاتا ہے تو دعا ہی اسے مایوسی سے نکال کر ایک نئے عزم ، حوصلے ، امید اور سکون سے ہم کنار کرتی ہے ۔ دعا ربط خالق و مخلوق کا بہترین ذریعہ ہے اللہ پاک ہم سب کو قرآن سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین ! اور سمجھنے کے بعد اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اسی مضمون کے توسط سے قرآن مجید سے چنے گئے تحائف قارئین عبقری کی نذر کرنا چاہتا ہوں جو درج ذیل ہیں ۔  درج ذیل آیت کو روزانہ فجر کی نماز کے بعد گیارہ مرتبہ پڑھ لیا کرے اور دعا مانگ لیا کرے انشاءاللہ جلد ہی معاشی حالت بہتر ہو جائے گی ۔
اللَّهُ يَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَنْ يَشَاءُ مِنْ عِبَادِهِ وَيَقْدِرُ لَهُ ۚ إِنَّ اللَّهَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ (العنکبوت 62)
دست غیب کا ایک قرآنی مجرب عمل :۔
 محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم ! مجھے کریانہ کی دکان بنائے ہوئے دس سال ہوگئے چھوٹی سی دکان تھی کاروبار زیادہ نہ تھا کبھی خریدار نہیں اگر گاہک آئیں تو سامان نہیں بس بچوں کی گولی ٹافی تک کام محدود ہو کر رہ گیا تھا میرا ایک عزیز ملک سے باہر تھا مجھے ملا میرا کام دیکھا کہنے لگا کام بہتر کرنے کیلئے میں تمہیں پیسے دوں گا ۔ کام بہتر کر لینا جب ہوں گے واپس کر دینا میں مانگوں گا نہیں ۔ اس نے کہہ تودیا لیکن پیسے نہیں دیئے میں نے درج ذیل سورہ فاتحہ کا عمل شروع کر دیا ، پہلے مہینے کچھ نہ ہوا دوسرے ماہ عمل شروع کیا تو وہ عزیز آیا اور مجھے ایک لاکھ روپے دیئے اور کہا کہ اپنا کاروبار ٹھیک کر لو۔ دکان سامان سے بھر گئی اور کاروبار بھی بہت بہتر ہو گیا اور گھر میں خوشحالی بھی آ گئی ۔ کچھ عرصہ بعد اس کا ادھار بھی واپس کر دیا ۔ اب میری خواہش تھی کہ سوزوکی پک اپ خرید لوں ۔ مزید عمل جاری رکھا گاڑی پونے پانچ لاکھ کی تھی کچھ عرصہ بعد میری پاس پانچ لاکھ جمع ہو گئے اللہ پاک نے گاڑی بھی دے دی ۔ عمرہ کی شدید خواہش تھی عمل مزید جاری رکھا اللہ پاک نے عمرہ بھی کروا دیا ۔ الحمدللہ! عمل درج ہے جمعرات کی رات سوتے وقت 70 بار سورہ فاتحہ مع پڑھیں اول و آخر سات بار درود شریف ابراہیمی پڑھیں اپنے مقصد کا خوب تصور رکھیں ۔ دوسرے دن اسی وقت 60 بار پڑھیں ۔ بس روزانہ ایسے ہی دس مرتبہ کم کرتے جائیں آخر کار بدھ کو دس مرتبہ پڑھیں ۔ ہر بار اپنے مقصد کا تصور توجہ ، دھیان اور گریہ و زاری کریں ۔ جمعرات کو پھر نیا ہفتہ اور سابقہ ترتیب کے ساتھ ستر مرتبہ یہ عمل کریں اور روزانہ اسی طرح دس مرتبہ کم کرتے جائیں یہ عمل سات چودہ یا اکیس ہفتے کریں زندگی کا معمول بنا لیں تو بھی اجازت ہے ۔
بیروز گار کو روزگار اور کرائے دار کو مالک مکان بنانے کا عمل :۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم !اللہ پاک آپ کو مع اہل و عیال دنیا وآخرت میں اونچا مقام عطا فرمائے آمین ! مودبانہ گزارش ہے کہ بندہ کو آپ نے سورہ الم نشرح کا وظیفہ دیا تھا اور پانچ لاکھ کی تعداد پورا کرنا تھا الحمدللہ! ابھی تک چار لاکھ ساٹھ ہزار تک پہنچ گیا ہے تقریباً دس ماہ ہو چکے ہیں اس وظیفہ کی جو برکات مجھے ملی ہیں کہ اس دوران ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کی شادیاں ہو گئی ہیں الحمدللہ ! اللہ پاک نے احسان کر کے اس وظیفہ کی برکت سے آسانی فرمادی۔ اور بڑی خوش اسلوبی سے یہ شادیاں انجام کو پہنچی ہیں حضرت حکیم صاحب ! میں کرایہ کے مکان میں رہتا تھا ۔ اور کئی مہینوں کا کرایہ میرے ذمہ باقی رہتا تھا چونکہ مالک مکان قریبی رشتہ دار تھا اس وجہ سے کچھ نہ کہتا میرے والد صاحب محترم نے مجھے گھر کیلئے زمین دی تھی جس کا بنانا میرے بس سے باہر تھا اور میں اس زمین کو فروخت کرنا چاہتا تھا تاکہ میں دوسرے لوگوں کے قرضے ادا کر سکوں لیکن ریٹ بہت کم تھا اور پراپرٹی والے تیس لاکھ سے بھی کم بتاتے لیکن اس وظیفہ کی برکت سے اللہ پاک نے کرم فرمایا کہ میری وہ زمین 73 لاکھ میں فروخت ہوئی ۔ دوسری احسان اللہ پاک نے یہ فرمایا کہ ایک تیار گھر ،صاف ستھرا ، خوبصورت اور وسیع اور ہر طرح سے آراستہ گھر 49 لاکھ میں ملا الحمدللہ ! جب اور لوگوں کو اس سارے معاملہ کا پتہ چلا تو حیران ہوئے کہ یہ کیسے ہو گیا ؟ میں نے بتایا کہ بس اللہ پاک نے احسان فرمایا اور کرم فرمایا کہ مجھ ناچیز کو ایسے شاندار گھر کا مالک بنا دیا وہ لوگ جو آج تک مجھے دیوانہ اور پاگل سمجھتے تھے آج وہ لوگ خود مجھے کہتے ہیں کہ ہم تو تجھے دیوانہ سمجھتے تھے لیکن واقعی دینے والی صرف اللہ پاک کی ذات ہے وہ جسے چاہے اور جیسے چاہے نواز دے ۔جن کو پتہ ہے  یہ سورہ الم نشرح پڑھتا ہے  انہوں نے از خود یہ سورہ پڑھنی شروع کر دی ہے ۔ اللہ پاک آپ کے فیوض و برکات سے ہم کو اور ساری امت مسلمہ کو بلکہ ساری انسانیت کو مستفیض فرما دے آمین ۔
نوکری کی بندش ختم کرنے کا عمل :۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم !میں نے ایک جگہ نوکری کیلئے اپلائی کیا فائنل انٹرویو کیلئے مجھے ملتان بلوایا گیا ۔ انٹر ویو سے تین دن پہلے میرے اوپر کسی حاسد نے سیاہ عمل کیا جس کی وجہ سے مجھے محسوس ہوا کہ میری پیٹھ پر کوئی چیز چیر چیر کرتی چڑھتی آ رہی ہے ۔ اور میرے اوپر یعنی سر پر کوئی چیز آ کر بیٹھ گئی ہے اور میرے سینے سے دھواں کی طرح کچھ نکل رہا اور میرے منہ سے بھی دھواں نکل رہا۔میرے تمام جسم پر اتنا بوجھ آ گیا کہ میری ٹانگیں وزن کی وجہ سے چل نہ سکتیں اور میری شکل کالے رنگ کی ہو گئی میں نے فوراً الم المص الر المر کھیعص طہ طسم طس یس ص طم عسق ق مکمل حروف پڑھنے شروع کر دیئے جس سے مجھے بہت سکون ملا اس سے اگلے دن انٹرویو تھا انٹرویو کیلئے روانہ ہوا جب انٹرویو دینے بیٹھا تو مجھے کسی سوال کی کچھ سمجھ نہ آ رہی تھی مجھے کوئی چیز زبردستی وہاں سے باہر کھینچ  رہی تھی میرا سر جکڑا ہوا تھا میں وہاں بیٹھا معوذتین پڑھتا رہا جس سے مجھے کچھ سکون ہوا اور میں نے آرام سے انٹرویو دیا واپسی پر بھی اور رات کو معوذتین پڑھتا رہا اور سینے پر دم کرتا رہا اچانک میرے سینے سے کوئی چیز بھاپ کی طرح نکلی اور نکلتے ہوئے کڑک کی آواز آئی میں نے دوسرے دن دن معوذتین پڑھ کر اپنی پنڈلیوں کے اوپر دم کیا تو میری دونوں پنڈلیوں سے بھی بھاپ کی طرح کی چیز نے کڑاک کیا اور میری دونوں پنڈلیوں کو چھوڑ دیا ۔ تیسرے دن میں نے سارا دن درود شریف پڑھا اور استغفار پڑھتا رہا شام کو گھر جاتے ایسا ہی ہوا میرے سر سے بھورے رنگ کی کوئی چیز نکل کر اڑ گئی۔ کچھ دنوں کے بعد پھر ایسا ہی ہوا میرے سر سے بھورے رنگ کی کوئی چیز اڑ گئی ۔ اس دوران میں اللہ پاک سے اپنی کامیابی کی رو رو کر دعا مانگتا رہا ۔ چند دنوں بعد مجھے متعلقہ محکمہ سے کال آ گئی کہ آپ کو جاب کیلئے منتخب کر لیا گیا ہے الحمدللہ!

No comments:

Post a Comment