Wednesday, September 16, 2015

شوہر کے رویہ سےپریشان ضرور پڑھیں ! Bad husbands

شوہر کے رویہ سےپریشان ضرور پڑھیں !


محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم ! اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ اپنی حفظ و امان میں رکھے اور آپ کو جزائے خیر دے ۔ میں نے ایک عمل کرنا شروع کیا جو کہ بحوالہ کھف قطمیر کا عمل ہے ۔ وہ تقریباً میں تین لاکھ دفعہ پڑھ چکی ہوں ، مجھے ہر وقت عجیب و غریب خواب آتے ، ایسا لگتا کسی نے میری گردن پکڑی ہوئی ہے ۔ اتنا شدید درد اور تکلیف ہوتی کہ ایک ہفتہ تک میری طبیعت ٹھیک نہ ہوتی مگر اس عمل سے کافی فرق ہے ۔ میرا جو سب سے بڑا مسئلہ تھا وہ یہ تھا کہ میں اپنے شوہر کے رویہ سے کافی پریشان تھی ، وہ مجھ سے ہر وقت روٹھے روٹھے سے رہتے ، بات کرتی تو کاٹ کھانے کو دوڑتے ۔ میں ساری ساری رات روتی رہتی مگر ان کے کان پر جوں تک نہ رینگتی ان کے اس رویہ کی وجہ سے مجھ میں چڑ چڑا پن آ چکا تھا جس کی وجہ سے ہر وقت ہمارے گھر میں لڑائی جھگڑے رہتے ۔ میں نے ایک مرتبہ رسالہ عبقری میں پڑھا کہ جو شخص آپ کو تنگ کرتا ہو یا جس کی زبان سے آپ تنگ ہوں تو اس کو اول و آخر درود شریف ایک دفعہ سورہ فاتحہ اور تین مرتبہ سورہ اخلاص پڑھ کر ہدیہ کریں اور خوب اللہ پاک سے گڑ گڑا کر دعائیں کریں ۔ میں نے یہ عمل اپنے شوہر کیلئے کرنا شروع کر دیا اور اللہ پاک سے خوب دعائیں کرتی کہ میرے شوہر کا رویہ میرے ساتھ ٹھیک ہو جائے ،۔ میرے ساتھ پیار و محبت سے پیش آئیں ، میں نے یہ عمل اور دعا صرف ایک ہفتہ ہی کیا کہ مجھے اس کا شاندار رزلٹ ملا ، شوہر کا رویہ مجھ سے ایسا بدلہ کہ میں حیران و پریشان ! اللہ پاک آپ کو جزائے خیر دے اور آپ کے درجات کو مزید بلند کرے ،آپ اپنی خصو صی دعاؤں میں خصوصی طور پر مجھے یاد رکھیے گا ۔

دعا کی قبولیت کا وقت :۔

یہ بالکل سچ ہے کہ 24 گھنٹوں میں ایک گھڑی دعا کی قبولیت کی ہوتی ہے ۔ کئی دفعہ ہم کسی کو یاد کر رہے ہوں یا کسی چیز کی خواہش کر رہے ہوں چاہے کھانے کی ہو یا پہننے کی اور فوراً سے مل جاتی ہے  ۔ کئی تو فوراً اللہ پاک کا شکر بجا لاتے ہیں اور کئی نا شکرے کہتے ہیں ہائے کوئی بڑی چیز مانگ لیتے ، میں وہ دن کبھی نہیں  بھولوں گی جب اس رب کریم کی ذات نے مجھ پر بہت بڑی کرم نوازی کی ہے ۔ میری شادی کے بعد مجھے گردے کی شدید تکلیف ہوئی تھی اور درد اتنا شدید ہوتا تھا کہ میں بیڈ پر لیٹ نہیں سکتی تھی ، میں زمین پر تڑپتی تھی اور رو رو کر اپنے رب سے التجا کرتی تھی ، اور جب بھی درد ہوتا تو چار انجکشن لگتے تھے ، ڈرپ لگتی ،اور تکلیف کے ساتھ پیشاب رک جاتا تھا ، ایسی ہی ایک شام تھی میں نماز مغرب پڑھنے لگی اور مجھے تھوڑا تھوڑا درد شروع ہوا اب مجھے پتہ تھا کہ خطرے کی گھنٹی بج رہی ہے ، میں نے یہی کوشش کی کہ جلدی سے نماز پڑھ لوں ورنہ رہ جائے گی ۔ میں نے تین فرض کی نیت کی ابھی پہلی رکعت مکمل ہی کی تھی درد شدید ہو گئی ، میں رکوع میں جھک نہیں سکتی تھی میں درد کی وجہ سے تڑپ رہی تھی مجھے پتہ نہیں میں نے کیسے اوپر نیچے اشاروں سے اللہ پاک مجھے معاف کرے وہ فرض مکمل کیے اور مزے کی بات کہ اس دن میری میرے میاں کے ساتھ ہلکی سی کھٹ پٹ بھی ہو گئی تھی۔ اور ہماری آپس میں اس دن بات چیت بند تھی ۔اس وقت میں جائے نماز پر تکلیف کی وجہ سے لیٹ گئی اور یہی دعا دل سے نکلی کہ یا اللہ پاک! ایک تو تیری نماز پوری کر لوں ور دوسری میری تکلیف تو ایسے ہی ٹھیک کر دے ،ورنہ آج میں نے اپنے شوہر سے ڈاکٹر کا نہیں کہنا ،کیونکہ وہ قریب ہی بیٹھے تھے۔ اور انہیں میری کیفیت کا کچھ اندازہ نہیں تھا ، میرے دل میں عجیب کیفیت تھی کہ یا اللہ پاک ! آج میں نے اپنے شوہر کو کچھ نہیں کہنا ، نہ مجھے ڈاکٹر کے پاس جانا ہے ، بس میری تکلیف ختم کر دے،تاکہ میں تیری نماز مکمل کر سکوں ، میں جائے نماز پر لیٹی آنسو بہا ئے جا رہی تھی اور مسلسل یہی دعا کیے جا رہی تھی کہ یااللہ پاک ! میں نے نماز مغرب مکمل کرنی ہے مجھے اس تکلیف سے نجات عطا فر ما دے ، بس! پھر میرے رب نے میری لاج رکھ لی ،کہ اسی لمحے میرا درد ایسا غائب ہوا کہ آج سے تقریباً دس سال پہلے کا وہ درد مجھے دوبارہ کبھی نہیں ہوا، اور میری گردے کی تکلیف سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ گئی۔وہ بڑا غفورو کریم ہے  اللہ پاک! سے ہمیشہ میں یہی دعا کرتی ہوں اے اللہ پاک ! اپنی یاد میں رکھنا کبھی اپنی یاد سے دور نہ کرنا اور ہم کبھی بھی تیری یاد سے غافل نہ ہوں ۔ آمین! 

 ماہنامہ عبقری " ستمبر 2015ء شمارہ نمبر 111" صفحہ نمبر16

No comments:

Post a Comment