Thursday, December 10, 2015

جاڑا آیا ! موسم سرما میں حسن کی دیکھ بھال

جاڑا آیا ! موسم سرما میں حسن کی دیکھ بھال :۔



جلد کی خوبصورتی ہی دراصل آپ کے حسن کی ضامن ہے ۔اس لئے ہر عورت کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی جلد صحت مند اور چمکدار نظر آئے ۔ جلد چونکہ ہمارے جسم کا حساس ترین حصہ ہے ۔ لہذا اسے ہر موسم میں خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے ۔ سردیوں کے موسم میں جلد خشک ہو جاتی ہے ۔ اس لئے ایسے موسم میں جلد کی حفاظت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے ۔ یہاں آپ کیلئے چند تجاویز حاضر ہیں جن پر عمل کرنے سے سردیوں کے موسم میں آپ کی جلد کھل اٹھے گی اور صحت جگمگانے لگے گی۔ سردیوں کے موسم میں چہرے کی جلد بھی خشک ہو جاتی ہے لہذا اس موسم میں خاص طور سے صابن سے چہرہ دھونے سے گریز کریں اور فیس واش استعمال کریں کیونکہ صابن آپ کی جلد سے چکنائی اور نمی کھینچ لیتا ہے ۔ موسم کوئی بھی ہو لیکن آپ مہینے میں دو مرتبہ اپنے چہرے کی کلینزنگ ضرور کریں ۔ خاص طور سے جب کہیں باہر مثلاً شاپنگ وغیرہ کیلئے جائیں تو گھر آ کر کلینزنگ کرنا ہر گز نہ بھولیں ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سردیوں میں دھوپ آپ کیلئے اچھی ہے لیکن اس طرح دھوپ میں بیٹھنا کہ یہ براہ راست آپ کے چہرے پر نہ پڑے ، سردیوں کے موسم میں بھی جلد کیلئے نقصان دہ ہے ۔ سرد موسم میں جلد کو خشکی سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنی جلد کی مناسبت سے مو ئسچرائزنگ کریمز سے لوشن کا استعمال باقاعدگی کے ساتھ کریں اور چہرے کے علاوہ ہاتھ پیروں پر بھی کوئی اچھی سی کریم لگانا ہر گز نہ بھولیں ۔جن خواتین کی جلد پر زیادہ خشکی ہو انہیں چاہیے کہ وہ پٹرولیم جیلی استعمال کریں تاکہ ان کی جلد خشک ہو کر پھٹنے سے بچانے کیلئے اچھی کوالٹی کا لپ بام استعمال کریں ۔
ایسی اسکن پراڈکٹس کا استعمال اپنی جلد پر ہر گز نہ کریں جن کا رنگ گلابی ہو کیونکہ گلابی رنگ والی کریمز اور لوشنز میں کیمکلز ہوتے ہیں جو آپ کی جلد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔اس لئے ہمیشہ سفید رنگ کی یاٹرانسپیرنٹ کریمز ، لوشنز اور آئل استعمال کریں ۔ پہلے تو کوشش کریں کہ گھریلو ٹوٹکوں پر اکتفا کریں اور بازاری کریمیں اور لوشنز کم سے کم استعمال کریں ۔ اگر بوجہ مجبوری استعمال کرنی پڑ جائے تو ہمیشہ اچھے برانڈ کی اسکن کیئر پراڈکٹس خریدیں اور کسی بھی ایسے برانڈ کی براڈکٹ خریدنے سے گریز کریں جو رجسٹرڈ شدہ نہ ہوں ۔ اس کے علاوہ کوئی بھی میڈیکٹیڈ پراڈکٹس ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر استعمال نہ کریں ۔ اپنے چہرے کا مساج ہمیشہ درست انداز میں اور نرمی کے ساتھ کریں چہرے پر غلط ملط طریقے سے انگلیاں چلانے سے جلد پر جھریاں پڑ جاتی ہیں ۔ موسم خواہ کتنا ہی سرد کیوں نہ ہو لیکن زیادہ گرم پانی سے چہرہ دھونے سے گریز کریں اور اس کے بجائےنیم گرم پانی استعمال کریں ۔ چہرے کی کلینزنگ کے بعد بھاپ لینا ہمیشہ اچھا رہتا ہے ۔ لیکن سردیوں کے موسم میں اسٹیم لینا بہت سود مند ہے ۔ چہرے پربلیچ کریم لگانے سے پہلے اس  میں Soothing Lotion ضرور شامل کر لیں تا کہ چہرے پر جلن نہ ہو ۔ اس کے علاوہ بلیچ کرنے کے بعد صابن سے کبھی چہرہ نہ دھوئیں کیونکہ اس طرح جلد پر جلن ہو جاتی اور سرخ نشان پڑ سکتے ہیں ۔ جب کبھی پارٹی میک اپ کریں تو گھر آنے کے بعد جتنی جلدی ممکن ہو اسے صاف کرلیں ۔
سردیوں کے موسم میں بہت زیادہ چکنائی والے اور مرغن کھانے نہ کھائیں کیونکہ یہ جلد پر دانوں اور کیلوں کا سبب بنتے ہیں ۔ جلد کی نگہداشت کیلئے پانی کی اہمیت کسی بھی موسم میں کم نہیں ۔ لہذا سردیوں کے موسم میں پانی پینا کم نہ کریں کیونکہ اس موسم میں آپ جتنا پانی پئیں گی آپ کی جلد اتنی ہی صحت مند اور چمکدار نظر آئے گی ۔ متوازن غذا کا استعمال کسی بھی موسم میں جلد کی حفاظت کیلئے بے حد ضروری ہے ۔سرد موسم میں کسی اچھے ٹونر کا استعمال بہت مفید ہے کیونکہ اس سے آپ کے چہرے کی جلد کی رنگت یکساں رہتی ہے اچھی اسکن کیلئے دودھ باقاعدگی کے ساتھ پئیں کیونکہ اس میں موجود پروٹین آپ کی جلد کے ساتھ ساتھ بالوں کیلئے بہت مفید ہے ۔

No comments:

Post a Comment