انجیر ، بادام ، اخروٹ اور مونگ پھلی کے مزے :۔
سردی کے موسم کا ایک اپنا لطف ہے قدرت نے ہر موسم کے ساتھ ہمیں کھانے پینے کیلئے انواع و اقسام کے پھلوں اور سبزیوں سے نوازا ہے جو موسم کے مطابق ہماری صحت کی حفاظت میں ہمارا بھرپور ساتھ دیتے ہیں ۔ موسم سرما کا حصوصی تحفہ خشک میوہ جات ہیں جو اپنے اندر بے شمار فوائد لئے ہوئے ہیں ۔ سردیوں کے موسم میں ہیٹر کےپاس بیٹھ کر جہاں اس موسم کامزہ خشک میوہ جات سے دوبالا کیا جاتا ہے وہیں ہم اپنے جسم میں پلنے والی بیماریوں کو بھی دور بھگا رہے ہوتے ہیں ۔ آئیے ان میوؤں کے فوائد کا جائزہ لیتے ہیں ۔
انجیر :۔
انجیر جنت کا میوہ ہے اس کا ذکر قرآن پاک میں بھی آیا ہے ۔ اس کی تاثیر گرم ہوتی ہے سفید انجیر حلق کی سوزش ، سینے کے بوجھ اور پھیپھڑوں کی سوجن میں مفید ہے ۔ جن کے سینے میں بلغم ہو وہ اسے استعمال کریں ۔ کیونکہ انجیر بلغم کو پتلا کر کے خارج کرتا ہے ۔ نہار منہ انجیر کھانے سے بہت سے فوائد حاصل ہوتے ہیں یہ دل کے عارضے سے بچاتا ہے ۔ کولیسٹرول کم کرتا ہے ، شوگر کے مریضوں کیلئے مفید ہے ، ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے ۔
اخروٹ :۔
دماغی کمزوری میں بہت مفید ہے ۔ گرم مزاج والوں کیلئے نقصان دہ ہے ۔ زیادہ استعمال سے منہ میں دانے بھی نکل آتے ہیں ۔ اس میں ایسے اجزاء ہوتے ہیں جن سے نیند بہت اچھی آتی ہے ۔ دل کی رفتار کو اعتدال میں رکھتا ہے ۔ کینسر کے مرض میں بھی مفید ہے ۔ کالے اخروٹ ہائی بلڈ پریشر ، دل کی جلن اور بہت سی جلدی بیماریوں کو روک تھا م میں مدد کرتے ہیں ۔
بادام :۔
دماغ، بصارت اور جسم کی تقویت کیلئے اس کا استعمال نہایت مفید ہے دل کی کمزوری کیلئے موسم گرما میں اس کی سردائی بنا کر پینا نہایت مفید ہے ۔ بادام کی سات یا گیارہ گریاں کھانی چاہئیں ۔ اس سے زیادہ کھانی نقصان دہ ہیں ۔ یہ کولیسٹرول بڑھاتے ہیں ۔ بادام کا حلوہ نزلہ ، زکام ، سر درد کیلئے مفید ہے ۔ بادام میں آئرن بہت زیادہ مقدار میں ہوتا ہے جو جسمانی خلیوں کو توڑ پھوڑ سے بچاتا ہے ۔ بادام کا پیسٹ، بلائی اور عرق گلاب کو ملا کر چہرے پر لگانے سے رنگ گورا اور جلد چمکدار ہو جاتی ہے بادام کا تیل سر درد دور کرنے کے علاوہ بالوں کو گرنے سے روکتا ہے قبض دور کرنے کے علاوہ جلدی امراض میں بھی بہت مفید ہے ۔
مونگ پھلی :۔
چنبل اور جلد کے تما م امراض کیلئے مونگ پھلی کے تیل کی مالش مفید ہے ۔ اس کے زیادہ استعمال سے کھانسی لگ سکتی ہے ۔ کھاتے ہوئے اس کا لال رنگ کا چھلکا اتار لیں یہ دیر سے ہضم ہوتاہے مونگ پھلی میں پایا جانے والا وٹامن ای کینسر کے خلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ذیابیطس کے مریضوں کیلئے مونگ پھلی کا استعمال نہایت مفید ہے ۔ اس میں تیل کی کافی مقدار ہونے کے باوجود وزن نہیں بڑھتا ۔ مونگ پھلی کے بعد ایک یا دو گھونٹ دودھ پی لیں تو کھانسی نہیں لگتی ۔
چلغوزے :۔
دل کے ساتھ جسمانی پٹھوں کو تقویت دیتا ہے ۔ گردوں اور جگر کی بیماری میں مفید ہے بلڈ پریشر کے مریضوں کیلئے مفید ہے ۔ فالج کے اثر سے محفوظ رکھتا ہے چلغوزے کو شہد کے ساتھ کھانا کھانسی کیلئے مفید ہے کمزور لوگ دودھ کے ساتھ کھائیں تو موٹے ہو سکتے ہیں ۔
کھجور :۔
کھجور میں بہت زیادہ (کیلوریز) حرارے پائے جاتے ہیں ۔ ایک کھجور میں 20 حرارے ہوتے ہیں جو ایک چائے کی چمچ چینی کے برابر ہے اس سے وزن بڑھتا ہے قبض دور کرنے کیلئے گٹھلی نکال کر کھجوروں کو ساری رات پانی میں بھگوئے رکھیں صبح اسے گرئنڈر میں شیک کر کے پی لیں ۔
No comments:
Post a Comment