Monday, December 7, 2015

انوکھا درد جو زیارت کروائے

انوکھا درد جو زیارت کروائے  :۔


اللہ جل شانہ نے حضرت موسی علیہ السلام کی طرف وحی بھیجی کہ اگر تم یہ چاہتے ہو کہ میں تمہارئے اتنا قریب ہو جاؤں جتنا کہ تیرا کلام تیری زبان کے قریب ہے ، تیری دل کی دھڑکن تیرے دل کے قریب ہے تیری روح تیرے بدن کے قریب ہے ۔تیرا سننا تیرے کانوں کے قریب ہے تو پھر تم خاتم الانبیاء ﷺ پر درود بھیجا کرو ، حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاکﷺ نے ارشاد فرمایا ۔ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے تو اللہ پاک اس درود پڑھنے والے کی سانس میں سے ایک سفید بادل پیدا فرماتا ہے پھر اس کو برسنے کاحکم دیتا ہے پھر جب وہ بادل برستے ہیں ۔ تو زمین پر پڑنے والے ہر قطرے سے سونا چاندی پیدا فرماتا ہے ۔اور کافر پر گرنے والے ہر قطرے کی برکت سے اس کو ایمان نصیب فرماتا ہے (مکاشفۃ القلوب امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ) اللہ جل شانہ کا احسان عظیم ہے کہ اللہ پاک ہمیں امت محمدی ﷺ میں پیدا فرمایا اللہ پاک نے ہمیں بن مانگے ہی اس امت میں سے ہونے کا شرف بخشا ۔ اللہ جل شانہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے ۔ اور پھر اللہ نے اپنے حبیب محمد مصطفیٰ ﷺ کے صدقے بے شمار احسانات کیے تھوڑی سی عبادت کے بدلے بہت زیادہ ثواب دینے کا وعدہ فرمایا سبحان اللہ!
زیارت رسول ﷺ کاعمل محبوب خدا کی زبانی :۔
حضور نبی کریم ﷺ کی زیارت کی تمنا کون سا ایسا مسلمان ہو گا جس کو نہ ہو لیکن عشق و محبت کے بقدر اس کی تمنائیں بڑھتی رہتی ہیں ۔ علامہ سخاوی رحمۃ اللہ علیہ نے قول بدیع میں خود رسول اللہ ﷺ کا ارشاد پاک نقل فرمایا ہے ۔محبوب خدا ﷺ نے ارشاد فرمایا ! جو شخص روح محمدﷺ پر ارواح میں اور آپ ﷺ کے جسد اطہر پر بدنوں میں اور آپﷺ کے قبر مبارک پر قبور میں درود بھیجے گا وہ مجھے خواب میں دیکھے گا اور فرمایا جو مجھے خواب میں دیکھے گا وہ قیامت میں دیکھے گا اور جو مجھے قیامت میں دیکھے گا میں اس کی سفارش کروں گا اور جس کی میں سفارش کروں گا وہ میرے حوض سے پانی پینے گا اور اللہ جل شانہ اس کے بدن کو جہنم پر حرام فرمادیں گے۔علامہ سخاوی دوسری جگہ لکھتے ہیں کہ جو شخص یہ ارادہ کرے کہ نبی کریم ﷺ کی زیارت ہو وہ یہ درود پڑھے ۔
اللھم صل علی محمد کما امرتنا ان تصلی علیہ اللھم صل علی محمد کما ھوا ھلہ اللھم صل علی محمد کما تحب و ترضی۔
جو شخص اس درود کو طاق عدد میں پڑھے گا اس کو زیارت نصیب ہو گی اور اس درود کا بھی اضافہ کرنا چاہیے ۔
اللھم صل علی روح محمد فی الاروح اللھم صل علی جسد محمد فی الاجساد اللھم صل علی قبر محمد فی القبور۔
ایک اللہ والے فرماتے ہیں کہ سب سے زیادہ لزیذ اور شیریں تر خاصیت درود کی یہ ہے کہ اس کی بدولت عشاق کو خواب میں حضور نبی کریم پر نور ﷺ کی دولت زیارت میسر ہوتی ہے ۔(فضائل درود شریف) رسول اکرم ﷺ کی زیارت کیلئے یہ بات بھی بہت ضروری ہے کہ آپ ﷺ کی پیاری پیاری سنتوں پر عمل ہو ، محبت ہو ۔ آپ ﷺ کا عشق ہو ، ان کے عشق میں مر مٹنے کا جذبہ ہو اور اس کا خیال رہے کہ کوئی ایسا گناہ غلطی نہ ہو اور نہ کوئی سنت ٹوٹے اور پھر جب ہمارے نامہ اعمال خدمت اقدس ﷺ میں پیش ہوں اور آپ ﷺ کو ہمارے عملوں سے کوئی تکلیف نہ پہنچے کہ میرا نام لینے والوں کا یہ حال ہے ۔ 

No comments:

Post a Comment