Thursday, August 20, 2015

برسات میں لیموں اور پیاز کے فوائد

 برسات میں لیموں اور پیاز کے فوائد:۔

ہر موسم میں بدن کی مخصوص کیفیت ہوتی ہے قدرت اس موسم کی کیفیت اور عورض کے مطابق پھل اور سبزیاں اس موسم میں پیدا کرتی ہے ، یہ پھل اور سبزیاں کام دہن کا کام بھی دیتی ہیں ۔ موسم برسات میں بالعموم معدہ خراب ہوتا ہے ، متلی کا احساس ہوتا ہے ، بعض اوقات تو قے کی شکایت بھی ہو جاتی ہے ،جگر کا فعل متاثر ہوتا ہے نیز گرمی دانوں اور خارش وغیرہ کے عوارض لاحق ہوتے ہیں ۔ قدرت نے اس موسم میں لیموں جیسی مفید چیز کو پیدا کیا ہے جو کہ اپنی گونا گوں خوبیوں اور فوائد کے اعتبار سے یگانہ حیثیت کی حامل ہے ۔ لیموں برسات کے عوارض کا موثر علاج ہے اس موسم میں لیموں روزانہ استعمال کیا جائے تو انسان مختلف عوارض اور امراض کی یلغار سے محفوظ رہتا ہے ۔ لیموں کے استعمال کے مختلف طریقے ہیں ۔ دونوں وقت کھانے کے ساتھ لیموں اور پیاز کھائیں ، پیاز پر لیموں نچوڑ لیں اور نمک کا اضافہ کر کے کھائیں ۔ پیاز مفید غذا ہے ، اطباء تو صدیوں سے پیاز کے استعمال کی تلقین کرتے رہے ہیں ۔ مشرق میں پیاز غذا کا لازمی جزو ہے ، مغرب نے بھی پیاز کی افادیت پر مہر تصدیق ثبت کی ہے  ، جدید تحقیق کی رو سے پیاز خون کو روں دواں کرتا ہے اور کو لیسٹرول  جمع نہیں ہوتا ، کو لیسٹرول خون کے دوران میں رکاوٹ کرتا ہے اور اس سے دل کے امراض لاحق ہوتے ہیں ۔ بعض حضرات پیاز کا استعمال نہیں کرتے یہ حضرات سالن میں لیموں کے رس کا اضافہ کرتے ہیں۔ لیموں کے استعمال  کا دوسرا طریقہ اسے مشروب کے طور پر پینا ہے ۔ شربت یا سوڈا وغیرہ کی بجائے لیموں کی سکنجبین موجود موسم کے لئے بہتر ین  مشروب ہے ۔ جو معدہ کی اصلاح کے علاوہ جسم کی گرمی کو دور کرتی ہے۔ اس خاندان میں لیموں اس  خاندان میں سب سے مفید اور غذائی اجزاء سے بھر پور ہے ۔
غذائی اجزاء:۔
قدرت نے لیموں کو وافر غذائی اجزاء سے سرفراز فرمایا ہے ۔ اس میں 50 فیصد تو پانی ہے ، اس کے علاوہ لحمی اجزاء ، چکنائی اور نشاستہ دار اجزاء پروٹین بھی ہیں ۔ فافورس اور فولاد سے بھی بہرہ ور ہے ۔ حیاتین الف  کی قلیل مقدار ، مگر حیاتین ج (سی)، خاصی مقدار میں ہے ، حیاتین ز (پی) ،بھی لیموں میں ہے ۔ ایک چھٹانک لیموں میں بتیس غذائی حرارے  ہیں ۔  گویا لیموں مقوی غذا بھی ہے، طب کی رو سے لیموں کا مزاج سرد تر ہے ، پیاس دور کرتا ہے ، متلی ، سر دور ، یرقان ، تبخیر ، اختلاج ( دل کی دھڑکن )       وغیرہ میں فائدہ مند ہے ، سر کےچکروں کے لئے بھی مفید ہے ۔ امراض کے خلاف سب سے موثر ہتھیار ہے کیونکہ بدن کی قوت مدافعت کو تقویت دیتا ہے ۔خون کے سرخ ذرات پیدا کرنے میں بھی لیموں کا اہم کردار ہے ۔بعض اوقات خون کی قوت انجماد کم ہوجاتی ہے۔ اور خون بدن سے جاری ہوتا ہے ۔ اس عارضہ میں لیموں ایک مفید غذا ہے ۔ لیموں موٹاپا دور کرنے کے لئے موثر اورکارگر دوا ہے ۔ مصر میں شادی سے قبل نوجوان لڑکیاں نازک اندام اور چھریرے بدن کی ہوتی ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ لیموں کے استعمال کرنے کی عادی ہوتی ہیں ۔ وزن کم کرنے کے لئے  صبح اور شام آدھا لیموں نیم گرمی میں پانی میں ملا کر پئیں ۔ سردیوں  کی نسبت موجودہ موسم میں وزن کم کرنا آسان ہوتا ہے ۔ اس لئے موجودہ موسم میں اس تدبیر پر عمل کرنا چاہیے ۔ لیموں خون کی صفائی کے لیے مفید ہے۔ پھوڑے ،پھنسیوں، او ر خارش میں فائدہ مند ہے ۔ چہرہ کو صاف کرتا ہے ، قے اور متلی  میں لیموں کاٹ کر نمک لگا کر چاٹنے سے فائدہ ہوتا ہے ، لیموں بخار میں مفید ہے اس کی سکنجبین بخار کے مریض کو پلاتے ہیں ، لیموں کاٹنے سے پہلے آگ پر سینک لیا جائے تو اس سے لیموں کا رس زیادہ مقدار میں حاصل ہوتا ہے ۔ لیموں کے چھلکے بھی مفید ہیں ، چہرے پر داغ ہوں تو لیموں کے چھلکے رگڑنے سے فائدہ ہوتا ہے۔
 ماہنامہ عبقری "اگست 2015ء شمارہ نمبر 110" صفحہ نمبر34



No comments:

Post a Comment