دعا کی قبولیت کا انتظار:۔
حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ سے اس کا فضل مانگا کرو کیونکہ وہ پسند کرتا ہے کہ اس سے مانگا جائے اور افضل عبادت دعا کی قبولیت کا انتظار کرنا ہے۔ (جامع ترمذی شریف: ابواب الدعوات)۔ہلکے پھلکے لوگ:۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے‘ فرماتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’ہلکے پھلکے لوگ آگے نکل گئے‘‘ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین نے عرض کیا: ’’یارسول اللہ! ﷺ وہ لوگ کون ہیں؟ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:’’جو ذکر الٰہی میں ڈوبے ہوئے ہیں‘ ذکر ان پر سے گناہوں کے بوجھ اتار دیتا ہے۔ لہٰذا وہ قیامت کے دن ہلکے پھلکے ہوکر حاضر ہوں گے۔‘‘۔ (جامع ترمذی شریف)۔
تسبیحات انگلیوں پر پڑھنا:۔
حضرت یسیرہ رضی اللہ عنہا جو مہاجرات میں سے تھیں فرماتی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے ہم سے فرمایا: ’’تم لوگ تسبیح، تہلیل اور تقدیس (یعنی سبحان الملک القدوس) پڑھتی رہا کرو اور انگلیوں کے پوروں پر گنا کرو‘ اس لیے کہ قیامت کے دن ان (انگلیوں) سے سوال ہوگا اور وہ بولیں گی۔ پھر غافل نہ ہونا کیونکہ اس سے تم اسباب رحمت بھول جاؤگی۔۔ (جامع ترمذی شریف)۔
No comments:
Post a Comment