Monday, September 21, 2015

آپ کا خواب اور روشن تعبیر

آپ کا خواب اور روشن تعبیر:۔


دین کی خدمت:۔ میں نے دیکھا کہ میں کسی مرے ہوئے آدمی کو اٹھا کر لایا ہوں ۔ زمین سے تھوڑی اونچی کوئی چیزلکڑی کی بنی ہوئی ہے ، اس پر میں نے مرے ہوئے آدمی کو رکھا اور میں مرے ہوئے آدمی کے ساتھ بیٹھ گیا ۔ مردہ بڑی چادر میں لپٹا ہوا تھا چادر سفید نہیں رنگین تھی ، پھر میں نے یہ دیکھا وہ ہمارے بڑے ابا کی طرح جھک کر چلتا ہے یعنی کمر سیدھی کر کے نہیں چلتا ، میرے چھوٹے بھائی نے کہا کہ یہ نہیں سدھرے گا بس پھر میری آنکھی کھل گئی ۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ دین کی خدمت کا اعلیٰ کام آپ سے لیا جائے گا جو کہ ہو سکتا ہے کہ آپ کیلئے ذریعہ نجات بن جائے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کی گراؤنڈ:۔ میں نے دیکھا کہ باغ کی طرح کی بہت بڑی جگہ ہے جیسے کہ ملک کا پارلیمنٹ ہاؤس میں اب اس جگہ ہوں  اور گراؤنڈ میں پھر رہی ہوں ، سامنے بہت بڑی سفید عمارت ہے گراؤنڈ میں ایک کتا بھی ہے ، میرے پیچھے ایک کالے اور سفید رنگ کا پرندہ بھی گراؤنڈ میں پھر رہا ہے ، پھر پیچھے سے مردانہ آواز آتی ہے کہ مجھے کعبہ کے اندر جانے کی سعادت حاصل ہو گی یہ سن کر کہ کیا ایسا ہو سکتا ہے میں بڑی حیران ہوتی ہوں ، مہربانی کر کے اس خواب کی تعبیر بیان کر دیں ۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ انشاءاللہ آپ کی دلی مراد پوری ہو گی اور بہت جلد آپ کو کوئی خوشخبری ملنے والی ہے ۔

سخت رکاوٹیں :۔ میں نے دیکھا کہ سکول میں ہوں ، وہاں ایک عورت ہے جو میری پرانی کالج و سکول کی دوست کی تائی ہے وہ عورت مجھے پہچان لیتی ہے ، میں حیران ہوتی ہوں کہ اس نے تو مجھے کبھی دیکھا بھی نہیں تو پہچان کیسے لیا ۔ پھر منظر بدل جاتا ہے کیا دیکھتی ہوں کہ ایک عورت ناچ رہی ہے اور پھر باہر اسے کوئی آدمی ملنے کیلئے آتا ہے وہ آدمی اپنی روح کو اندر بھیجتا ہے اور وہ روح اس عورت کی روح سے مل جاتی ہے تو پہچان لیتا ہے کہ یہ میری بیٹی کی بیٹی ہے ۔ وہ عورت باہر سفید ساڑھی میں اس آدمی کو لینے آتی ہے ۔ روحوں کے ملنے کے بعد وہ عورت فوراً جوان ہو جاتی ہے ، سر کے بال کالے ہو جاتے ہیں اور پھر ایک ضعیف عورت اور وہ آدمی بیٹی کی ماں سے ملنے کیلئے سیڑھیاں چڑھنے لگتے ہیں جو دراصل ایک ایک سانپ ہے اور کمرے میں ہے ۔
تعبیر :۔ آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو اپنے بعض کام پورے کرنے میں سخت رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں ، جس کے نتیجے میں گھریلو مشکلات بڑھ رہی ہیں ۔ تاہم حسب توفیق کچھ صدقہ دیں اور ہر نماز کے بعد 21 بار یا بدیع پڑھ کر دعا کر لیا کریں ۔

شرک و بدعات سے بچیں:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے رشتے کیلئے پریشان ہوں ، اس لئے میں کسی پوجا میں شریک ہوں وہاں پنڈت پوجا کر رہے ہیں پھر میں اپنے سکول کی پچھلی طرف والی جگہ پر سے جو کہ بالکل سنسان ہے کسی چھوٹی سی عمارت کی پہلی منزل پر جاتی ہوں تو اس کمرے میں بھی پنڈت ہوتا ہے اور وہ کوئی لمبا سا آلہ موسیقی بجاتا ہے جیسے باجا ہوتا ہے تو اس کے سوراخوں میں سے آگ کی لو روشن ہوتی ہے لیکن کوئی موسیقی یا آواز نہیں آ تی بس روشن ہوتی ہے ۔ پھر میں کھڑی ہوتی ہوں تو مجھے کھڑکی میں سے ایک بڑی سی ہندو عورت نظر آتی ہے پھر میں اسی سنسان جگہ سے واپس آ رہی ہوتی ہوں تو مجھے مزید دو عورتیں اسی سٹائل میں نظر آتی ہیں اور وقت بلکل مغرب کا ہوتا ہے ۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب کے مظابق آپ کو اس بات پر متنبہ کیا گیا ہے کہ اپنے آپ کو شرک اور بدعات سے بچائیں کیونکہ صوفیاء اور اولیا ئے کرام رحمہم اللہ کی تعلیمات خالص توحید کی تھیں اور ان حضرات کا فیض ان کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی مل سکتا ہے ۔

امتحان کی تیاری:۔ میں اکثر خواب میں دیکھتی ہوں کہ میں کمرہ امتحان میں بیٹھی ہوں ، لیکن مجھے کچھ بھی نہیں آ رہا کبھی دیکھتی ہوں مجھے کہیں جانا ہے لیکن جوتے نہیں مل رہے یا تیار نہیں ہو پارہی ۔ میں کافی پریشانیوں کا شکار ہوں اور مشکلات میں گھری ہوں ، ابھی کل میں نے  دیکھا کہ خواب میں ایسا لگتا ہے کہ میں نے اپنے تین چار پیپر دینے ہیں لیکن میں دے نہیں رہی ۔ میں ڈر رہی ہوتی ہوں کہ کافی ٹائم گزر گیا ہے مجھے نوٹس اکھٹے کرنے میں اور یاد کرنے میں پھر پیپر دینے میں مشکل ہو گی ۔ پھر میں سوچتی ہوں کہ اتنے سال پڑھ کے آخری سال کے یہ پیپر جب تک نہ دوں گی ڈگری بھی نہیں ملے گی حالانکہ حقیقت میں پڑھائی مکمل کئے اور ڈگری لئے مجھے کئی سال گزر چکے ہیں ۔ خیر پھر میں کالج میں جاتی ہوں وہاں ایک لڑکی سے کہتی ہوں کہ وعدہ کرو ایگزام دے کر اپنے سارے نوٹس مجھے دے دو گی کیو نکہ مجھے بھی تیاری کرنی ہے ۔ اس لڑکی سے بات کر کے میں گاڑی میں آ جاتی ہوں ۔ گھر آ کے مجھے یاد آتا ہے کہ کل سے تو تین ماہ کی چھٹیاں شروع ہو رہی ہیں اور میرے پاس تو اس لڑکی کا نمبر بھی نہیں لیکن پھر میں سوچتی ہوں کہ کوئی فرق نہیں پڑتا اب ذہن بنایا ہے تو ہمت کرنی ہو گی ۔ میرے پاس جو پہلے کے نوٹس اندر پڑے ہیں ان تین ماہ میں وہ تیار کروں گی اور یاد کروں گی ۔چھٹیوں کے بعد اس سے نوٹس لے کر وہ بھی اچھی طرح دیکھ لوں گی اورپھر پیپر دوں گی ، انشاءاللہ پاس ہو جاؤں گی۔
تعبیر:۔ آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آج کل جو پریشان کن حالات آپ کو درپیش ہیں اس سے نجات پانے کیلئے ہمت سے کام لینا ہوگا ، انشاءاللہ جلد ہی پریشانیاں دور ہو جائیں گی ۔ آپ پانچ وقت کی نماز کا اہتمام کرتے ہوئے ہر نماز کے بعد 21 با رآیت کریمہ پڑھا کر یں اور دعا کریں اور کبھی کبھار صدقہ بھی دیتی رہا کریں۔

 ماہنامہ عبقری " ستمبر 2015ء شمارہ نمبر 111" صفحہ نمبر31


No comments:

Post a Comment