Monday, September 7, 2015

سورہ والضحیٰ اور قریش سے ہر پریشانی و الجھن ختم

سورہ والضحیٰ اور قریش سے ہر پریشانی و الجھن ختم :۔



محترم حکیم صاحب السلام علیکم! ایک مرتبہ ماہنامہ عبقری میں میں نے سورہ و الضحیٰ کا عمل پڑھا ۔ محترم حضرت حکیم صاحب ! یہ سورہ بہت ہی زبردست ہے اس سورہ نے ہماری بہت سی مشکلات حل کی ہیں ۔ میرے شوہر نے ایک مرتبہ اپنے دفتر سے ایک ماہ کی چھٹی لی ۔ انہیں کچھ ضروری کام تھے مگر جب ایک ماہ کی چھٹی ختم ہوئی تو وہ ایک دن مزید چھٹی کر کے دفتر پہنچے تو ان کے افسر نے ان کو ایک دن کی چھٹی کی  وجہ سے سزا کے طور پر دوسرے دفتر بھیج دیا اور رات کی ڈیوٹی لگا دی، جب ہمیں پتہ چلا تو میں بہت پریشان ہوئی کہ اب کیا کریں تو مجھے کسی نے بتایا کہ سورہ والضحیٰ  71 مرتبہ پڑھ کر آسمان کی طرف منہ کر کے پھونک مار دینا ۔ یہ سورہ دلوں کو نرم کرتی ہے ۔ ۔ محترم حضرت حکیم صاحب ! آپ یقین کریں کہ میں نے پاگلوں کی طرح یہ سورہ پڑھنی شروع کر دی ۔ برتن دھو رہی ہوں ، کپڑے دھو رہی ہوں بلکہ ہر وقت میری زبان پر بس یہ سورہ جاری رہتی ۔ وہ کہتے ہیں نا کہ اللہ پاک بندے کو اس کی طاقت سے زیادہ نہیں آزماتا ۔تقریباً ایک سال پورا میں نے پڑھی ،ہمت نہیں ہاری کہ ایک دن جب میرے میاں شام کی ڈیوٹی کیلئے گئے تو وہ صاحب جنہوں نے سزا دی تھی خود گاڑی پر آئے اور میرے میاں کو واپس اپنی ڈیوٹی پر لے گئے ۔ جب مجھے پتہ چلا تو اسی وقت شکرانے کے نفل پڑھے تو یہ ہے سورہ والضحیٰ کا کمال ۔۔ محترم حضرت حکیم صاحب ! ایک مرتبہ میرے دیور سے کسی کی رجسٹری گم ہو گئی بلکہ کسی نے جان بوجھ کر چرائی تھی وہ بیچارہ بہت پریشان لاکھوں کی رجسٹری تھی یہاں بھی اسی سورہ نے کمال دکھایا خود میرے دیور نے بھی پڑھی اور ہم سب نے پڑھی ۔ تقریباً پانچویں دن کوئی لیٹر بکس میں ڈال گیا اور رجسٹری میرے دیور تک پہنچ گئی ۔ یہ صرف اسی سورہ کی وجہ سے اتنی بڑی پریشانی ختم ہو گئی ، سبحان اللہ ( یاسمین 'اٹک)

سورہ قریش کا معجزہ :۔


محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ پاک سے امید ہے آپ اچھے اور عافیت سے ہو نگے آپ کو اور آپ کے اہل وعیال اور مریدین کو سدا خوش رکھے ۔ میں آج آپ کو سورہ قریش کی کرامت سنانا چاہوں گا ۔ چند دن پہلے 19 تاریخ کو میں نے ڈی آئی خان سے پشاور ایمرجنسی جانا تھا جب میں پشاور کی ٹکٹ لینے گیا  انیس تو کیا بیس تاریخ کی ٹکٹ بھی نہ مل سکی ۔ مگر جانا بہت ہی ضروری تھا ۔ بیس تاریخ کو صبح آٹھ بجے اللہ پاک کا نام لے کر اڈے پر پہنچا۔ چونکہ ان دنوں عید سر پر تھی اس لئے اڈے پر جا کر دیکھا تو عوام کا ایک سیلاب تھا ، میں ایک طرف کھڑا ہو گیا گیارہ بار اول و آخر درود ابراہیمی اور درمیان میں اکتالیس بار سورہ قریش پڑھ کر جب منشی کے پاس گیا تو وہاں حیران کن طور پر ایک واقف کا رمل گیا جس نے منشی کو کہا کہ رشید صاحب کو گیارہ بجے والی گاڑی میں جہاں جگہ مل جائے بٹھا دینا بے شک فولڈنگ ہی ہو جبکہ اس وقت نو بجے تھے لیکن اللہ پاک نے اس سور ہ کی برکت سے مزید سہولت سے نوازا کہ وہیں ایک اور واقف کار مل گئے وہ مجھے اڈے کے منیجر کے پاس لے گئے اور منیجر سے بات کی تو انہوں نے مجھے گیارہ بجے والی گاڑی کی بجائے دس بجے والی گاڑی کی سیٹ نمبر پانچ پر بٹھا دیا جو کہ کوسٹر کا دل سیٹ ہوتی ہے ۔ مجھے اللہ پاک پر پورا یقین تھا کہ اللہ پاک سورہ پاک کی برکت سے میرا کام ضرور کروائے گا ۔ اور ایسا ہی ہوا اللہ پاک ہم سب پر اپنا کرم فرمائے آمین ! ( محمد رشید 'پشاور)

 ماہنامہ عبقری " ستمبر 2015ء شمارہ نمبر 111" صفحہ نمبر7

No comments:

Post a Comment